اسلام آباد: صحافی ارشد شریف کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی کی اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔ ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد کے خطیب پروفیسر ڈاکٹر قاری محمد الیاس نے پڑھائی ۔ نمازہ جنازہ میں سیاسی و سماجی رہنماؤں اور صحافی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی ، پی ٹی آئی کے شبلی فراز ، اعظم سواتی اور مراد سعید سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی نمازہ جنازہ میں شریک تھے ۔
واضح رہے کہ ارشد شریف اتوار کی رات کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس کی گولی کا نشانہ بن گئے تھے ۔ پولیس نے ان کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دیا تھا ۔