اسلام آباد: لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ، 75 برس قبل آج کے دن بھارتی فوج کے ناپاک قدم مقبوضہ جموں کشمیر کی سرزمین کو چھوئے تھے ۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیریوں کو آزادی کے علاوہ کوئی فیصلہ تسلیم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ نے مقبوضہ کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کا جو فیصلہ کیا اس کی اپنی فیملی بھی اسے نہیں مانتی ۔ سردار تنویر الیاس نے دنیا بھر میں موجود کشمیریوں سے آج یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر سرینگر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ۔ قابض بھارتی فوج نے جگہ جگہ ناکے لگا کر وادی کو چھاونی میں بدل دیا ۔ تمام رکاوٹوں کے باجود سری نگر کے باسی باہر نکلے اور بھارتی قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔ جب بھارتی فوج تقسیم ہند منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر میں اتری ۔ اُس دن سے آج کل کشمیر جنت نظیر وادی میں آگ و خون کا کھیل جاری ہے ۔