پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا: پرویزالٰہی

10:41 AM, 27 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ بحیثیت قوم بھارت کے غیر قانونی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کا دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں ۔ پاکستان کشمیریوں کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے بغیر قانونی جواز ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا ۔ کشمیر کا یوم سیاہ انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ۔ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو توڑنے سے قاصر ہے ۔ 75 برس بعد بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں ۔ بھارتی حکومت تمام انسانی حقوق بالائے طاق رکھ کر کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کشمیری عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کیے گئے وعدے پورا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ۔ کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی تنازع کشمیر پر خاموشی معنی خیز اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے ۔ عالمی برادری کو کشمیریوں سے ہونے والے غیر انسانی سلوک پر اپنی آواز اٹھانی چاہیے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔ سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔

مزیدخبریں