افغانستان سے دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

06:07 PM, 27 Oct, 2021

راولپنڈی: افغانستان سے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم کے علاقے میں افغان دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ عبور کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف شہید ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہ دے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خطرے سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کےلیے پرعزم ہے اور اپنے بہادر جوانوں کی شہادت اس کے عزم کو مزید پختہ کرے گی۔

خیال رہے کہ 22 اکتوبر کو میران شاہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جس سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ۔ سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے دہشت گرد مارا گیا۔  شہید ہونے والوں میں نائیک خلیل اور سپاہی شاکراللہ شامل ہیں ۔دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور اسلحہ برآمد ہوا ۔ 

20 اکتوبر کو امن دشمنوں نے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تھا ۔ پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی قیصر محمد شہید ہو گئے تھے۔ اسی روز تھل میں دہشت گردوں نے فوجی پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہو گیا تھا۔ 

دو روز قبل شمالی وزیرستان کےعلاقے اسپن وام میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کر دی تھی جس سے 25 سالہ سپاہی سیف اللہ شہید ہو گئے  تھے۔ 

اس سے قبل 12 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا۔ آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا تھا۔ 

گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کرنے کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے ۔ ہلاک دہشت گردوں میں 4 اہم کمانڈر بھی شامل تھے۔ ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ملوث تھے۔

مزیدخبریں