لاہور :پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پہلی دفعہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے ماضی میں نواز شریف کیخلاف اسلام آباد مارچ درست تھا تو آج کیوں ایک مذہبی جماعت کو اسلام آباد جانے سے روکا جا رہا ہے ،اسلام آباد کسی کے باپ کی جاگیر نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے بلدیاتی الیکشن تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی سے بننے والی حکومت میں بلدیاتی انتخابات کیسے شفاف ہو سکتے ہیں ،ووٹرز ویری فکیشن کا مطلب ہے ووٹنگ لسٹ درست نہیں،غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہیں کرینگے ۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے متعلق اپنے تحفظات الیکشن کمیشن کےسا منے پیش کرینگے ،جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا جس کے جو بھی مطالبے ہوں احتجاج سب کا حق ہے ،ماضی میں نواز شریف کیخلاف ہونیوالااحتجاج ٹھیک تھا تو آج عمران خان کیخلاف ہونیوالاپرامن احتجاج خلاف قانون کیسے ہوا؟
پی ڈی ایم سربراہ نے 2018 کے عام انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت بھی جعلی ہے ،اب بلدیاتی انتخابات کو غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی بات ہو رہی ہے،لیکن ہمیں نئے بلدیاتی سسٹم پر تحفظات ہیں جسے ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرینگے ۔
کالعدم مذہبی جماعت کے احتجاج پر بات کرتے مولانا فضل الرحمن نے کہا ماضی میں نواز شریف کیخلاف اسلام آباد میں خود عمران خان نے میلہ سجایا تھا اگر وہ ٹھیک تھا توآج کیسے ایک جماعت کو اسلام آباد جانے سے روکا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا اسلام آباد کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم مظاہرے اور احتجاج کر رہی ہے،فیصلہ وہی ہے جو میں دے چکا ہوں،ہم عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں،ہم نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں،حکومت کے لوگ ٹوٹ کر اپوزیشن میں چلے جاتے ہیں،دس جماعتوں میں نو جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔