لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں بھارت اور نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے نواز شریف کا نام لئے بغیر ان پر طنزیہ وار کر دیا۔
شہباز گل نے گزشتہ روز پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ بھارت کو شکست ہوئی، نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہوگیا لیکن وہ نہیں آیا جو لندن دوائی لینے گیا تھا‘۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے مقررہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں پر حاصل کر کے ناصرف ٹورنامنٹ کی دوسری جیت حاصل کی بلکہ نیوزی لینڈ کی ’سیکیورٹی‘ کا مسئلہ حل کرتے ہوئے اپنا بدلہ بھی لے لیا۔
یہ میچ اس لئے زیادہ اہمیت کا حامل تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پہلا ون ڈے شروع ہونے سے تقریباً 2 گھنٹے قبل سیکیورٹی کو جواز بناتے ہوئے دورہ منسوخ کر دیا تھا۔