27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا: شہباز شریف

11:46 AM, 27 Oct, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا بھارت کے خلاف یوم سیاہ پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار ، کہا 27 اکتوبر 1947 کو عالمی قانون اور اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا ۔ یہ دن آج بھی عالمی ضمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے کھلا چیلنج ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے دراصل 27 اکتوبر 1947 کے سیاہ دن کی تاریخ کو ایک بار پھر دوہرایا ۔ بھارتی غیرقانونی اقدامات عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی ساکھ مجروح کرنے کا باعث ہیں ۔ بھارت کو جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کئے بغیر اقوام متحدہ اور اس کا منشور مظلوم اور قابض افواج کا شکار عوام کے نزدیک محض ایک سنگین مذاق تصور ہوگا ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ بھارت کی جموں وکشمیر کے عوام پر ظلم وبربریت اور نسل کشی نے ہٹلر کے مظالم کی سیاہ تاریخ زندہ کردی ہے ۔ اہل جموں وکشمیر کی جراتوں کو سلام ہے جن کے پایہ استقلال کو کوئی بھارتی ظلم متزلزل نہیں کرسکا ۔ دنیا کی تاریخ میں حریت کا یہ منفرد باب اہل جموں وکشمیر نے اپنی عظیم قربانیوں سے رقم کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہر پاکستانی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں بہنوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے ۔ پاکستان کا عہد ہے کہ کشمیریوں کے حق آزادی کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے ۔ قیام پاکستان کے خواب کی تعبیر کی طرح جموں وکشمیر کی آزادی کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے اپنی جان بھی قربان کردی ۔ کشمیری قیادت کو بھی سلام ہے کہ انہوں نے قید و بند کی ہر صعوبت برداشت کی لیکن آزادی کا پرچم سربلند رکھا ۔

مزیدخبریں