لاہور: پاکستان ٹیلی وژن کے ڈائریکٹر سپورٹس نعمان نیاز لائیو پروگرام میں لیجنڈ بائولر شعیب اختر پر بھڑک اٹھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ چالاک نہ بنیں ، اگر انہوں نے ایسا ہی رویہ اختیار کرنا ہے تو وہ پروگرام چھوڑ کر چلے جائیں۔
یہ افسوسناک واقعہ پی ٹی وی سپورٹس کے لائیو پروگرام میں پیش آیا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے کرکٹ تجزیے کیلئے پاکستان نے ویوین رچرڈز سمیت دیگر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے جو پروگرام کے دوران اپنا تجربہ شیئر کرتے ہیں۔
آج کے لائیو پروگرام میں ویوین رچرڈز، ڈیوڈ گاور، ثنا میر، عاقب جاوید ودیگر شریک تھے۔ پروگرام کے دوران دیکھا جا سکتا ہے کہ شعیب اختر نیوزی لینڈ کیخلاف آج کے میچ میں حارث رئوف کی کارکردگی پر بات کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں شعیب اختر کہہ رہے ہیں کہ میں لاہور قلندرز اور پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے بارے میں بات کر رہا ہوں۔
.@shoaib100mph 😂😂😂😂#PakvsNz pic.twitter.com/ujZ6Z4KrXg
— Deadeye (@TheHukum) October 26, 2021
اس موقع پر نعمان نیاز نے شعیب اختر کو بات جاری نہ رکھنے دی اور ٹوکتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی تو انڈر 19 کھیل چکے ہیں۔ تاہم شعیب اختر نے انھیں بتایا کہ میں حارث رئوف کے بارے میں بات کر رہا ہوں۔ انہوں بظاہر نعمان نیاز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک بندہ ہے جو یہاں پروگرام میں تیاری کیساتھ آیا ہوا ہے۔
شعیب اختر کی یہ بات سنتے ہی نعمان نیاز بھڑک اٹھے اور کہا کہ انھیں تلخ لہجہ اختیار کرنے اور زیادہ چالاک بننے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر وہ ایسا ہی رویہ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو وہ پروگرام چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔
نعمان نیاز نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات لائیو پروگرام میں شعیب اختر سے کہہ رہا ہوں۔ پی ٹی وی سپورٹس ڈائریکٹر کی بات سنتے ہی شعیب اختر نے ان سے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں لیکن نعمان نیاز نے انھیں موقع نہیں دیا اور پرڈیوسر سے کہا کہ وہ بریک لے۔