ریاض: پاکستان کی ایک اور بڑی مشکل آسان ہو گئی۔ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے اسٹیٹ بینک میں رقم جمع کرائی جائے گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے زرمبادلہ ذخائر کے استحکام کیلئے پاکستان کی مدد کی ہے۔ بردار اسلامی ملک پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی دے گا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے سپورٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم سعودی فنڈ برائے ترقی پاکستان اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ سعودی عرب ایک سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال جون میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کے اشاروں کے بعد ریاض نے پاکستان کو ادھار تیل کی فراہمی کی سہولت بحال کر دی تھی۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کی سہولت پہلی بار نہیں دی جا رہی اور ماضی میں بھی یہ سہولت پاکستان کو چند مرتبہ فراہم کی گئی۔ تاہم 1.5 ارب ڈالر مالیت کے تیل کی مؤخر ادائیگی پر فراہمی اس لحاظ سے اہمیت کی حامل تھی کہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات میں گرم جوشی کے واپس آنے کی عکاسی کرتی ہے جن میں کچھ عرصہ قبل کچھ رنجش اور تلخی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے سعودی عرب نے تحریک انصاف کے دور حکومت میں دی جانے والی تین ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی معطل کر دی تھی۔