لاہور: عالمی وبا کے سبب پاکستان میں مزید 6 افراد دم توڑ گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 745 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے 773 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 375 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں 3 لاکھ 11 ہزار 440 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایکٹو کیسز کی تعداد 11 ہزار 190 ہے۔
عالمی وبا کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 336 اور سندھ میں 2 ہزار 599 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 270، اسلام آباد میں 213، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 87 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 18 ہزار 181 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 3 ہزار 82، سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار 114، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 119، بلوچستان میں 15 ہزار 839، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 191 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 849 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ محققین نے دریافت کیا ہے کہ اسپرین کا استعمال کرنے سے وینٹی لیٹر سپورٹ کا خطرہ 44 فیصد، آئی سی یو میں داخلے کا امکان 43 فیصد اور موت کا خطرہ 47 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ وبا کے نتیجے میں دل، پھیپھڑوں، خون کی شریانوں اور دیگر اعضا میں جان لیوا بلڈکلاٹس کا خطرہ بڑھتا ہے جو ہارٹ اٹیک، فالج اور اعضا کے افعال کو فیل کرنے کا باعث بنتا ہے۔
امریکا کی یونیورسٹی آف میری لینڈ اسکول آف میڈیسین نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپریں وبا کے مریضوں میں موت کا خطرہ کم کرنے میں معاون ہوسکتی ہے۔ اسپرین استعمال کرنے والے مریضوں کا آئی سی یو تک پہنچنے یا وینٹی لیٹر سپورٹ پر جانے کا امکان دیگر کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔