یوم سیاہ انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کی عکاسی کرتا ہے: وزیراعظم عمران خان

08:16 AM, 27 Oct, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کی حمایت کے عزم کے طور پر منا رہے ہیں۔ یوم سیاہ انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کو دہراتے ہیں۔ 73 سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج اتار کر کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ اقوام عالم میں ہمیشہ متنازعہ رہا ہے۔ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ بین الاقوامی تنازعہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ 7 دہائیوں سے زائد مظالم کے باوجود بھارت کشمیریوں کے عزم کو دبا نہیں سکا۔ مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019ء کے اقدامات نے آر ایس ایس سے متاثرہ ہندوتوا نظریہ کو بے نقاب کیا۔ ہندوتوا انتہا پسندانہ نظریہ علاقائی امن واستحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے۔ یوم سیاہ کے موقع پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ یومِ سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس ، حریت فورم اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ وہ اپنے مادرِ وطن پر غیر قانونی اور غاصبانہ بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت نے 27 اکتوبر 1947ء کو برصغیر کے تقسیم کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیر میں اپنی فوج اُتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔

مزیدخبریں