دروازہ کھولنے،زیادہ وزن اٹھانے والے ڈرون پر کام شروع

10:18 PM, 27 Oct, 2018

نیویارک:امریکی ماہرین نے کئی اہم روبوٹ اور ڈرون پر کام شروع کیا ہے ان میں سے ایک ڈرون دروازہ کھول سکتا ہے، خود سے زیادہ وزن اٹھاسکتا ہے اور کسی شے کو باندھ کر اسے کھینچ بھی سکتا ہے۔

معروف میگزین ’سائنس روبوٹکس‘ میں شائع تحقیقی مقالے کے مطابق ڈرون پر یہ انقلابی کام امریکی ریاست کیلی فورنیا کی اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے انجام دیا ہے اور اس میں بتدریج بہتری لائی جارہی ہے۔ ماہرین کے خیال میں ایسے ڈرون بہت سے کاموں کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔

اگرچہ انہیں حادثات کی صورت میں تلاش اور مدد (سرچ اینڈ ریسکیو) کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن ڈرون وقتی طور پر بہت سی جگہوں پر کسی پتھر یا دیوار سے چپک کر بھی بہت سے کام کرسکتا ہے۔ اسے بنانے کے لیے چھپکلی سے مدد لی گئی ہے اور ہک کی طرح 32 ابھار لگائے گئے ہیں جو ڈرون کو ایک جگہ جم جانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔


ایک قسم کی بھڑ(ویسپ) کھانے پر منڈلاتی ہے اور جب وہ اسے لے کر اڑ نہیں سکتی تو کھانے کی شے کو گھسیٹ کر آگے لے جاتی ہے۔ اسی جانور کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے ڈرون میں یہ خوبی بھی شامل کرنے کی کوشش کی جس میں انہیں کامیابی ملی ہے۔

روبوٹ کو ’فلائے کروٹگ‘ کا نام دیا گیا ہے یعنی یہ اڑ سکتا ہے، وزن کھینچ سکتا ہے اور رینگنے کا کام بھی کرتا ہے۔ اس کے نیچے ایک کیمرا لگا ہے جو زلزلے یا حادثے کے بعد پورے مقام کا احوال بتاتا ہے۔ اگر دروازہ بند ہو تو یہ اسے شناخت کرکے دروازے کا ہینڈل موڑ کر اسے کھول بھی سکتا ہے جس کا مظاہرہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں