آئرلینڈ کی معروف گلوکارہ شنیڈ اوکونر نے اسلام قبول کر لیا

08:10 PM, 27 Oct, 2018

ڈبلن : آئرلینڈ کی مشہور گلوکارہ شنیڈ اوکونر نے اسلام قبول کر لینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ ایک معروف گلوکارہ ہونے کے علاوہ گیت نگار اور موسیقار بھی ہیں، جنہیں گٹار اور کی بورڈ بجانے میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔

شنیڈ اوکونر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام ’شہدا‘ رکھا ہے۔ تقریباً باون سالہ اوکونر نے اپنی ایک ٹویٹ میں پوری امت مسلمہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اب اس کا ’حصہ‘ بن گئی ہیں۔ انہوں نے ڈبلن میں واقع اسلامی مرکز کے سربراہ عمر القادری کے ہاتھوں اسلام قبول کیا۔

اس آئرش گلوکارہ کے قبول اسلام کے بعد اسلامی مرکز ڈبلن کے سربراہ عمر القادری نے کہا کہ ’شہدا‘ ایک سچی روح کی حامل ہیں اور ہر دور میں خدا ان کے دل میں رہا ہے ، ’’ان کی روح کی سچائی نے ہی انہیں اسلام کی راہ پر ڈالا اور انجام کار وہ مسلمان ہو گئیں۔‘‘

عمر القادری نے یہ بھی کہا کہ وہ ہمیشہ دعا کرتے رہیں گے کہ اس خاتون فنکارہ کو اسلام قبول کرنے کے بعد ذہنی سکون میسر رہے۔ عمر القادری نے ان کی طرف سے تبدیلیٴ مذہب کو ایک ’دانشورانہ مذہبی سفر کی انتہا‘ قرار دیا۔ شہدا کی حجاب پہنے ہوئے ایک تصویر بھی تبدیلی مذہب کے بعد سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔

مزیدخبریں