اسرائیلی وزیر اعظم کا عرب ریاست عمان کا غیر اعلانیہ دورہ

اسرائیلی وزیر اعظم کا عرب ریاست عمان کا غیر اعلانیہ دورہ
کیپشن: iamge by facebook

مسقط:اسرائیلی وزیراعظم کا خلیجی ریاست عمان کا غیراعلانیہ دورہ ، عمان نے اس دورے کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد اسرائیلی کی جانب سے بھی تصدیق سامنے آ گئی ہے۔

نیتن یاہو یہ دورہ کرنے کے بعد واپس اسرائیل پہنچ چکے ہیں۔ ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بینجمن نیتن یاہو کو عمان کے دورے کی دعوت اس خلیجی ریاست کے سربراہ سلطان قابوس بن سعید نے دی تھی۔

اس دورے کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں لیڈروں نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے عمل میں پیش رفت کے امکانات پر خاص طور پر اپنی توجہ مرکوز رکھی۔ یہ دورہ بینجمن نیتن یاہو کے لیے اس وجہ سے بھی اہم ہے کہ وہ کئی مرتبہ عرب ریاستوں کے ساتھ خفیہ رابطہ کاری کے دعوے کر چکے ہیں۔

عمانی ٹیلی وژن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سلطان قابوس کی ملاقات کی فوٹیج بھی نشر کی۔ بینجمن نیتن یاہو نے اسی فوٹیج کو اپنے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ عمان کے خصوصی دورے کے دوران ’تاریخ رقم ہوئی ہے۔ اس دورے کے حوالے سے بہت ہی کم تفصیلات میڈیا کو بتائی گئی ہیں۔