بیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی معروف وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر کے لیے بعد از مرگ ایوارڈ کا اعلان کر دیا ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کی انسانی وقار ، حقوق ، اقدار کے فروغ اور تحفظ کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔
عاصمہ جہانگیر کے لیے انسانی حقوق ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی صدر ماریا فرنینڈا کا کہنا تھا کہ انکے لیے ایسی شخصیات کی خدمات کو سراہنا باعث افتخار ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے وقف کر دیں ، عاصمہ جہانگیر کا نام ایسے ہی لوگوں کی فہرست میں آتا ہے جن کی کمٹمنٹ، بہادری اور انسان دوستی دنیا بھر میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ساتھ عاصمہ جہانگیر کا شراکتی عمل کئی دہائیوں پر مشتمل تھی۔ انہوں نے 1998 سے 2004 تک ماورائے قانون ہلاکتوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ اسی طرح وہ 2004 سے 2010 تک مذہب اور عقیدہ کی آزادی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ تھیں۔ انہیں انسان دوستی اور جرات عمل کے حوالے دنیا بھر میں بہت احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔