ڈبلن:بے شک اللہ ہی انسان کو سیدھا راستہ دکھانے والا ہے جبکہ معروف آئرش گلوکارہ شینڈ او کونر نے اسلام قبول کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے نامور گلوکارہ نے کہا کہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے اور اب ان کا اسلامی نام' شہدا' ہے۔'میں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہی ہوں کہ میں مسلمان ہو چکی ہوں۔'انہوں نے مزید لکھا کہ وہ حوصلہ افزائی کے لیے اپنے مسلمان ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
گلوکارہ نے اپنے مسلمان ہونے کے فیصلے کو ذہنی نظریاتی سفر کا قدرتی نتیجہ قرار دیا اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی ٹوئٹ کی جس میں وہ حجاب لیے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ شہدا 1990 کی دہائی میں اپنے گانے 'نتھنگ کمپیئرز ٹو یو' سے مشہور ہوئیں اور اب تک ان کے 10 سولو البم منظر عام پر آ چکے ہیں۔
آئرش امام شیخ ڈاکٹر عمرالقادری نے گلوکارہ کی ویڈیو جاری کی جس میں وہ اپنے اسلام قبول کرنے کے بارے میں بتا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کسی مشہور شخصیت کا اسلام قبول کرنے کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ اس سے پہلے امریکی باکسر محمد علی کلے، مصری اداکار عمر شریف، باکسر مائیک ٹائیسن بھی اسلام قبول کر چکے ہیں۔