کراچی : پاکستان کی معروف اداکارہ نائلہ جعفری کا نام بطور اداکارہ تو تھا ہی مگر نائلہ جعفری کے متعلق اس وقت صحافی، سیاسی اور عوامی حلقوں میں بہت زیادہ گفتگو ہو رہی ہے ، جب سے انہوں نے خود کو لاحق ہونے والی موذی بیماری کینسر کے خلاف ن لیگ کی حکومت کی امداد لینے سے انکار کر دیا تھا۔
گزشتہ دنوں کراچی میں شوبز شخصیات کے ساتھ ایک ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور نائلہ جعفری آمنے سامنے آگئے اور نائلہ جعفری نے اس موقع پر کپتان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ نائلہ جعفری ان دنوں کینسر جیسی موذی بیماری سے نبرد آزما ہیں اور ذرائع کے مطابق کیمو تھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ نائلہ جعفری کو جب تقریب میں مائیک دے کر اظہار خیال کا موقع دیا گیا تو نائلہ جعفری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ ہماری قوم کے ایسے لیڈر ہیں جس نے اس قوم کو ایک امید دی ہے، شاید یہ قوم اپنی عقل استعمال کرنے کے قابل ہو جائے۔
نائلہ جعفری نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا اشارہ باشعور اور پڑھے لکھے طبقے کی جانب نہیں بلکہ ہماری آبادی کا ایک بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو روایتی طرز پر چل رہا ہے اور جس کو اس طرز عمل سے ہٹانا بہت مشکل ہےاور آپ بہت سالوں سے اس کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اپنے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائلہ جعفری کا کہنا تھا کہ میں اگر اپنی بیماری کے حوالے سے بات کروں تو آپ اور آپ کی ٹیم نے ہر بچے نے شاید جس کو پتہ بھی نہیں تھا انہوں نے انفرادی طور پرآپ کی طرف سے کال کر کے تحریک انصاف کی طرف سے جتنامجھے اس بیماری میں پوچھااور حوصلہ دیااور اپنے ساتھ ہونے کا یقین دلایااس سے میری بہت ہمت بندھی ہے، جزاک اللہ ، اللہ تعالیٰ آپ اور آپ کی ٹیم کو کامیاب کرے‘‘۔