ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس، ظفر حجازی پر فرد جرم عائد

11:45 AM, 27 Oct, 2017

اسلام آباد: اسلام آباد میں اسپیشل جج ارم نیازی کی عدالت میں ظفر حجازی کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ اسپیشل جج نے ظفر حجازی کو فرد جرم کے نکات پڑھتے ہوئے بتایا کہ آپ پر چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام ہے آپ نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کے لیے ماتحت افسران پر دباؤ ڈالا۔ ظفر حجازی نے فرد جرم عائد کرنے پر صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

دوران سماعت کیس کے گواہان نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں وکیل کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ گواہ ہیں یا پارٹی۔ نظر آ رہا ہے کیس میں پراسیکیوٹر سے زیادہ گواہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس دوران ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت کی توجہ دلائی کہ جس میٹنگ میں دباؤ ڈالنے کی بات ہوئی وہ 26 جون کو ہوئی جب کہ نوٹ 30 جون کو بنایا گیا۔

یاد رہے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سابق چیرمین ظفر حجازی پر چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام تھا جس پر سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی نے چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کے خلاف مقدمہ درج کیا جب کہ انہیں 21 جولائی کو اسلام آباد ہائیکوڑٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ظفر حجازی پر چوہدری شرگر مل کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا کیس پاناما کیس کی سماعت کے دوران بنا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں