آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی ہلاکت کو 10 برس بیت گئے

12:37 PM, 27 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

کینبرا:  آج سے 10 برس قبل 2014 میں آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فلپ ہیوز کی المناک ہلاکت نے کرکٹ کی دنیا کو غمگین کر دیا تھا۔ سڈنی میں شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران شین ایبٹ کی ایک گیند فلپ ہیوز کے سر پر لگی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے تھے۔

آج فلپ ہیوز کی یاد میں شیفلڈ شیلڈ کے نیو ساؤتھ ویلز اور تسمانیہ کے میچ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں یہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا کیونکہ وہی گراؤنڈ تھا جہاں فلپ ہیوز کو اس مہلک گیند کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شین ایبٹ بھی شامل تھے، اور اس موقع پر وہ جذباتی ہو گئے، جس پر ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں حوصلہ دیا۔ فلپ ہیوز کی فیملی کی جانب سے بھی ان کی یاد میں ایک محبت بھرا پیغام جاری کیا گیا۔

فلپ ہیوز نے اپنی کرکٹ کی مختصر مگر شاندار کیریئر میں 26 ٹیسٹ میچز، 25 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔ ان کی ہلاکت کرکٹ کی دنیا کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ تھا، اور آج بھی ان کی یادیں زندہ ہیں۔

مزیدخبریں