وزیر داخلہ محسن نقوی کا شرانگیزی کی سازش ناکام بنانے اور کامیاب آپریشن پر اظہار تشکر

10:57 AM, 27 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہو گئی، اور یہ پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہے۔ وزیر داخلہ نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک کا دورہ کیا اور وہاں ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے جوانوں کی بہادری اور فرادی کے عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے رینجرز، اسلام آباد پولیس، پنجاب و سندھ پولیس، ایف سی اور پاک فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے ڈی چوک اور اسلام آباد کے دیگر علاقوں کو کامیابی سے کلیئر کیا۔ وزیر داخلہ نے ان تمام اداروں کو ان کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے سڑکوں کی صفائی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی دی اور سی ڈی اے کو صفائی کے کام کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شرپسندوں کے حملوں سے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا اور سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شرانگیزی کی سازش ناکام ہوئی، اور رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں کی جرات مندانہ کارروائیوں پر انہیں مبارک باد دیتے ہیں، کیونکہ یہ کامیابی پرامن پاکستان اور پاکستانی عوام کی جیت ہے۔

مزیدخبریں