میں اور گنڈا پور ڈی چوک احتجاج کے حق میں نہیں تھے، شیرافضل مروت

10:08 AM, 27 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ وہ اور علی امین گنڈا پور ڈی چوک میں ہونے والے احتجاج کے حق میں نہیں تھے۔

 شیر افضل مروت کے مطابق علی امین گنڈا پور کا مؤقف تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کلثوم اسپتال سے آگے نہ بڑھنے دیا جائے، لیکن ورکرز ڈی چوک جانے پر بضد تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے لیے گئی تھی، لیکن اس دوران 12 کارکن شہید ہو گئے، اور گولیوں کا ان کے پاس کوئی علاج نہیں تھا۔

دوسری طرف، پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومتی منصوبے کے تحت کیا گیا، اور بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

پولیس نے اسلام آباد میں شرپسند مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، جس میں 400 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے 26 نمبرچونگی سے ملحقہ علاقے میں آپریشن کیا، جبکہ پنجاب بھر میں 800 کے قریب شرپسند گرفتار کیے گئے۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان سے بڑی مقدار میں اسلحہ، وائرلیس اور غلیلیں برآمد ہوئی ہیں، اور وہ پولیس پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تھے۔

مزیدخبریں