کراچی میں   آتشزدگی کے واقعات، مرتضیٰ وہاب کاشہر کی تمام بڑی عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ

10:45 PM, 27 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی : کراچی میں مختلف عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کی وجہ سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے 3 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔


بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے افسران سے مشاورتی اجلاس کے بعد کہا کہ پہلے مرحلے میں شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور طارق روڈ کی عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا۔


ان کامزید کہنا تھا کہ   دیکھا جائے گا کہ کن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام موجود ہے یا نہیں، مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی بڑی کمرشل عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہی نہیں ہیں۔ کے ایم سی کا عملہ ان علاقوں میں تمام بڑی عمارتوں کا جائزہ لے گا، جن عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہیں وہاں کی انتظامیہ انہیں واضح کرے۔ قانون کے مطابق بڑی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے ہونا لازمی ہے۔


میئر کراچی نے کہا کہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے نہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ یہ خالصتاً انسانی جانوں کا مسئلہ ہے، عمارتوں کی انتظامیہ مالکان کے ایم سی کے عملے ساتھ تعاون کریں۔

مزیدخبریں