اسلام آباد :سارہ انعام قتل کیس کا مرکزی ملزم کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری ہوگیا ہے۔ سارہ انعام قتل کیس کا مرکزی ملزم سینئر صحافی ایاز امیر کا بیٹا کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری کردیاگیا ہے۔ قتل کے الزام میں گرفتار ملزم شاہنواز امیر کو کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری کیاگیاہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو کلاشنکوف برآمدگی کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیاہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کلاشنکوف برآمدگی کیس میں ملزم کی رہائی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزم کیخلاف الزام ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ استغاثہ کے شواہد میں ایک سے زائد شکوک وشبہات پائے گئے، شک کا فائدہ ملنا ملزم کا حق ہے۔فیصلے کے مطابق کیس کی کمپلینٹ پولیس سٹیشن کو بھجوانے والے کانسٹیبل طارق کو بطور گواہ عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔ اتنے اہم گواہ کو عدالت پیش نہ کرنے کے قانون شہادت کے تحت نتائج ہیں، پرائیویٹ شخص کو گواہ نہ بنانا بھی ایک اور بڑا سقم ہے۔
واضح رہے کہ ملزم شاہنواز امیر کیخلاف سارہ انعام قتل کیس کے حتمی دلائل جاری ہیں، حتمی دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا جائے گا۔