لاہور: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ بھی جائے تو تین دن میں فارغ ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اجلاس طلب کئے جانے پر فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد آ بھی جائے تو تین دن میں فارغ ہوجائے گی، یہ اسمبلی نمائندہ نہیں رہی ۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے استعفوں کے نتیجے میں 64 فیصد نشستیں خالی ہو جائیں گی جبکہ عمران خان سندھ کا دورہ کریں گے تو سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر حمزہ شہباز نے کل پارٹی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور ہوگا اور وزیراعلیٰ کو گورنر کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے سے متعلق بھی مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے نکلنے کے اعلان پر خیبرپختونخواہ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں بھی متحرک ہو گئی ہیں اور ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے اسمبلیوں سے باہر نکلنے کے اعلان پر خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتیں بھی محترک ہو گئی ہیں اور مجودہ صورتحال پر غور کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف عدم اعتماد اور دیگر آپشنز غور و فکر کیا جائے گا جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ اسمبلی تحلیل نہیں ہونے دیں گے۔
یاد رہے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد تین دن میں فارغ ہو جائے گی: فواد چوہدری
11:46 PM, 27 Nov, 2022