عمران خان غیر متعلقہ ہوچکے، حکومت گرانے آئے تو اپنی دونوں حکومتیں ختم کرنے کا اعلان کرکے چلتے بنے: مریم 

02:49 PM, 27 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ”ار۔ریلیونٹ” (غیر متعلقہ) ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کی چار سال میں لائی گئی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی اور تاریخی قرض سب عمران خان کی میراث ہے۔

 اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل کے خاتمہ پر مرکوز ہے۔ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈا پر کاربند ہیں، اس ایجنڈے کے ذریعے ہم نے پاکستان کے اندر اور بیرونی دنیا پر ہماری قومی ترجیحات اور سوچ واضح کر دی ہے۔ تعمیر اور تخریب کے دو کردار قوم کے سامنے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن وقت سے پہلے کیوں کرائیں؟ عمران خان کا اقتدار ختم ہو گیا ہے اس لیے انتخابات کی بات کر رہے ہیں۔ عمران خان وفاق کی حکومت کو گرانے آئے تھے لیکن اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے چلے گئے۔ وہ نظام سے نکلنے کا اعلان کرتے ہیں اور اسی نظام سے استعفیٰ دینے کے باوجود تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کوئی ‘فیس سیوینگ’ پی ٹی آئی کے کام نہیں آسکتی کیونکہ عوام نے ان کے حقیقی چہرے سے واقف ہے۔ اسمبلیوں سے استعفے دے کر ہائی کورٹ میں درخواستیں دینا، تنخواہیں، مراعات، گاڑیاں اور گھر واپس نہ کرنا، حالات بدل گئے ہیں لیکن ایک شخص کا جھوٹ، فسادی ذہن اور ایجنڈا نہیں بدلاہے۔

مزیدخبریں