لندن: جنوبی افریقا سے کورونا وائرس کی نئی قسم امی کرون سامنے آنے کے بعد برطانیہ نے ایک مرتبہ پھر برطانیہ آنے والے ہر شہری کے لیے پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
برطانیہ میں امی کرون کے دو کیس سامنے آنے کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے میڈیا بریفنگ میں نئئ پابندیوں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دکانوں اور ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک دوبارہ سے لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔
بورس جانسن کا کہنا تھا کہ سردیاں آ رہی ہیں جس کی وجہ سے کورونا کی یہ قسم زیادہ پھیل سکتی ہے اس وجہ سے حکومت کی طرف سے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک سے برطانیہ آنے والے کے لیے دوسرے دن پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا اور منفی رپورٹ آنے تک اس کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
بورس جانسن نے مزید کہا کہ کورونا کی نئی قسم امی کرون کے مریضوں سے رابطے میں رہنے والے شخص کیلئے 10 دن کا قرنطینہ لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم افریقی ممالک میں سامنے آئی ہے اور اس کے کئی کیسز یورپ اور امریکا میں بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد یورپ ، امریکا اور پاکستان سمیت متعدد ممالک نے جنوبی افریقا، ہانگ کانگ سمیت کئی افریقی ممالک پر سفری پابندیاں لگا دی ہیں۔