لاہور: ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں سموگ پر قابو پانے کے لئے واسا حکام سائیکلوں پر دفتر پہنچے ۔ واسا کی طرف سے عوام میں سموگ کے بارے میں آگاہی مہم کے طورپر کئے جانے والے اقدام کو سراہا جارہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا شہر لاہور جو کبھی باغوں کا شہر کہلایا جاتا تھا پچھلے کئی روز سے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست چلا آرہا ہے ۔ حکومت پنجاب کی طرف سے فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم کچھ محکموں نے اپنے طورپر بھی عوام میں آگاہی مہم کے طورپر اقدامات کئے ہیں ۔جن میں ایک محکمہ واسا بھی ہے جنہوں نے ہفتے کے روز سائیکلوں پر دفتر آنے کی ٹھانی ہے ۔
ہفتے کے روز واسا کے افسران اورملازمین سائیکلوں پر دفتر پہنچے۔ ہفتے کے دن ماحول کو بہتر بنانے کے لیے گاڑیوں کا استعمال محدود کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسموگ کی صورتِ حال کے پیشِ نظر واسا افسران اور ملازمین کئی ہفتوں سے ہفتے میں ایک روز سائیکلوں پر دفتر آ رہے ہیں۔
محکمۂ واسا کی جانب سے اسموگ کے پیشِ نظر ہفتے کا دن کار فری قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے واسا کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ واسا ملازمین ہفتے کے روز پرائیوٹ ٹرانسپورٹ یا سائیکل پر دفتر آئیں گے۔
یاد رہے کہ لاہور کو فضائی آلودگی سے متاثر ین شہروں کی لسٹ میں کئی روز سے پہلے یا دوسرے نمبر پر قرار دیا جارہا ہے ۔