جونیئرہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی فتح

02:36 PM, 27 Nov, 2021

 
بھوبنشیور: جونیئرہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر بھوبنشیور میں ہونے والےجونئیر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے  آج مصر کو 1-3 سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے تینوں گول پینلٹی کارنر پر محمد رضوان نے  کئے، جبکہ مصر کاواحد گول الغیدی نے کیا۔

گرین شرٹس کل اپنا تیسرا میچ ارجنٹائن کیخلاف کھیلے گی، جس میں جیت پاکستان کو کوارٹر فائنل تک رسائی کی امید دلائے گی لیکن ہار کی صورت میں  سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر بھی ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ  جونئیر ہاکی ورلڈکپ میں  پاکستان کاآغاز مایوس کن رہا تھا،جب افتتاحی میچ میں جرمنی نےپاکستان کو شکست سے دوچار کر دیا تھا۔جس کے بعد آج کی جیت کھلاڑیوں کا مورال بلند کرنے کیلئے انتہائی ضروری تھی۔
https://twitter.com/FIH_Hockey/status/1464478063178272772?s=20

خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں،جو کہ چار گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں۔ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
گروپ اے میں بیلجیئم، چلی، ملائیشیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں،  گروپ بی  کینیڈا، فرانس، بھارت اور پولینڈ پر مشتمل ہے،  گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہالینڈ، اسپین اور امریکہ کی ٹیمیں موجود ہیں اور پاکستان، ارجنٹائن، مصر اور جرمنی  گروپ ڈی کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں