کورونا وائرس کی نئی قسم ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرگئیں ، سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رحجان

کورونا وائرس کی نئی قسم ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرگئیں ، سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رحجان

نیویارک : کورونا وائرس کے خطرناک ویرئنٹ کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوگئیں ۔ ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتیں اپریل 2020 کے بعد کم تیرین سطح پر آگئی ہیں ۔ پاکستان میں بھی تیل سستا ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی دریافت کے بعد دنیا بھر میں ایکبار پھر کھلبلی مچ گئی ہے ۔ ماہرین کورونا وائرس کی اس نئی قسم کو اب تک کی سب سے خطرناک اور نقصان پہنچانے والی قسم قرار دے رہے ہیں ۔ کورونا وائرس کی اس نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد اس کے اثرات خام تیل کی مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں ۔ 

کورونا کی نئے ویرینٹ کی خبر نے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو  خوفزدہ کردیا ہے جس کی وجہ سے خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمتیں اپریل 2020 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔

 برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 8.62 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 73.60 ڈالر ہوگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 9.36 ڈالر کم ہوکر 69.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم کے اثرات دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹ پر بھی پہنچے ہیں جس کی وجہ سے  امریکا، فرانس ، جرمنی اور برطانیہ کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی۔ 

عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی تشویش اس وقت بڑھی جب عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ  جنوبی افریقہ میں پائے گئے کورونا کے نئے ویرینٹ میں بڑی تعداد میں تبدیلیاں پیدا ہوچکی ہیں اور ان کو دیکھنے سمجھنے  میں کچھ ہفتے لگیں گے ۔نئے ویرئنٹ پر کون سی ویکسیئن اثر کرے گی اور کتنا اثر کرے گی یہ  سمجھنے کے لئے کچھ وقت درکار ہے ۔ 

واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ روزمشیر خزانہ شوکت ترین نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم کرکے فائدہ عوام کو پہنچائیں گے ۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں تو پھر حکومت کو بھی پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں کمی لانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا  ۔