شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان نے ملاقات کی اور اس خصوصی ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

نائجر میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال، عالمی وبا کا چیلنج سمیت کثیر الجہتی دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ 

شاہ محمود قریشی نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ فرحان بن فیصل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے پُرعزم ہیں۔ فرحان بن فیصل نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔ 

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مخلتف اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ 

خیال رہے اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چاڈ کے وزیر خارجہ امین عبا صدیق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش ہائے رفت اور کثیرالقومی اداروں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان چاڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو ایک عقیدے، خیالات کی ہم آہنگی اور مشترکہ نکتہ ہائے نظر سے عبارت ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی روابط ہیں اور پاکستان نے چاڈ کے بھائیوں کی جنگ آزادی میں حمایت کی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعلقات کی وسعت اور گہرائی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے باقاعدگی سے اعلی سطحی روابط، وزرا خارجہ کے درمیان مشاورت کے طریقہ کار، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کی روشنی میں ”افریقہ سے روابط“ (انگیج افریقہ) کے فروغ کے لئے پاکستان نے قدم اٹھایا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد چاڈ کے ساتھ اشتراک عمل بڑھانے اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنا ہے۔ وزیر خارجہ نے چاڈ کے وزیر خارجہ کو 5 اگست 2019 کو بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانوں کو درپیش بدترین مصائب سے آگاہ کیا۔