عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی آخری رسومات ادا، تدفین کردی گئی

11:26 AM, 27 Nov, 2020

بیونس آئرس: فٹبال کی دنیا کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ ان کی تدفین آبائی شہر بیونس آئرس کے قبرستان میں کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس سے قبل ان کا جسد خاکی صدارتی محل میں رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر شہری اپنے لیجنڈ سٹار کا دیدار کرنے سڑکوں پر امڈ آئے۔ آخری رسومات کی ادائیگی سے قبل ڈیاگو میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے تابوت کو سڑکوں سے گزارا گیا۔

اس دوران بہت بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی جب میراڈونا کے مداح مشتعل ہو گئے اور انہوں نے سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے جھڑپ شروع کر دی۔ مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے ربڑ کی گولیاں برسائیں جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ ڈیاگو میراڈونا کا گزشتہ دنوں حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا تھا۔ ان کا شمار دنیا کے عظیم فٹبالرز میں ہوتا تھا۔ 1986ء میں ان کی قیادت میں ارجنٹائن کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی۔

ڈیاگو میراڈونا نے ناصرف خود شہرت پائی بلکہ اپنے ملک ارجنٹائن کا نام بھی دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے 1960ء میں ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے انتہائی غریب گھرانے میں آنکھ کھولی۔

ڈیاگو میراڈونا کو بچپن سے ہی فٹبال کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ انہوں نے اپنے شوق کو اپنا پروفیشن بنانے کیلئے خوب محنت کی اور دنیائے فٹبال کے افق پر چھا گئے۔ ان کے حصے میں جو شہرت آئی وہ ان کے سوائے کسی اور فٹبالر کا حاصل نہ ہو سکی۔ ان کے ایک گول کو صدی کا سب سے بہترین گول قرار دیا گیا تھا۔ آنجہانی ڈیاگو میراڈونا کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں