دبئی: قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھرنے دبئی ٹیسٹ کی جیت میں یاسر شاہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ اسپنر کی فارم سے واصخ تھا کہ کوئی بڑی پرفارمنس آنے والی ہے۔
اس سے پہلے پاکستان نے یاسر شاہ کی 14 وکٹوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی تھی۔ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ ایک میچ باقی ہے۔مکی آرتھر نے مزید کہا کہ ے یاسر شاہ نے پہلی اننگز کے آغاز میں جو بولنگ کی اس سے بہتر لیگ اسپن کا مظاہرہ شاید ہی دیکھنے کو ملے۔
ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ یاسر شاہ کے اعصاب بہت مضبوط ہیں اور انہیں ٹیم میں اپنی اہمیت کا احساس ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کو جو منصوبہ دیا گیا وہ اس پر پورا اترے جس سے جیت ممکن ہوئی۔ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی خدمات کا مکمل اعتراف نہیں کیا جاتا، گو کہ وہ ایک قابل بیٹسمین ہیں، ٹیم میں ان کا کردار کپتانی اور وکٹ کیپینگ کے گرد گھومتا ہے اور ان کی پرفارمنس بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے اور کپتان کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
مکی آرتھر نے اعتراف کیا کہ کہ ابو ظہبی میں جیتا ہوا میچ ہارنا مایوس کن تھا لیکن دبئی کی جیت سے ٹیم میں ان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔