عامر خان کی ’سارے جہاں سے اچھا‘ میں کام سے معذرت، شاہ رخ خان فلم میں کاسٹ

07:52 PM, 27 Nov, 2018

ممبئی :بالی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان نے مصروفیت کے باعث فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ میں کام کرنے سے معذرت کرلی، جس کے بعد یہ پروجیکٹ اب بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کریں گے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عامر خان نے ایک تقریب میں انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ’یہ ایک بہترین پروجیکٹ ہے اور اسے نہ کرنے پر دکھ بھی ہو رہا ہے ، رپورٹ کے مطابق عامر خان اس وقت فلم ’مہابھارت‘ کے پروجیکٹ میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے فلم کا سکرپٹ بہت پسند آیا یہی وجہ ہے کہ میں نے اس فلم کے لیے شاہ رخ خان کو فون کیا اور کہا کہ وہ ایک دفعہ سکرپٹ ضرور پڑھیں، انہیں فلم کی کہانی پسند بھی آئی اور مجھے بہت خوشی ہے کہ وہ اسے کرنے کے لیے راضی بھی ہوگئے۔

’سارے جہاں سے اچھا‘ بائیوپک فلم ہے جو پہلے بھارتی خلاء باز راکیش شرما کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے، جس کی کہانی راجابلی نے لکھی ہے ، فلم آئندہ برس فروری میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عامر خان اور امیتابھ بچن کی میگا بجٹ فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ ریلیز کی گئی تھی جس نے باکس آفس پر ریلیز کے پہلے روز کمائی کا ریکارڈ بنایا تھا لیکن اس کے بعد فلم کوئی بڑا چھکا مارنے میں ناکام رہی۔

مزیدخبریں