لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کا قیام ایک تاریخی اقدام ہے اور یہ اقدام پاکستان اور بھارت کیلئے خوش آئند ہے۔ بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع کے حوالے سے کرتارپور راہداری کے تاریخی اقدام سے امن کوششوں کو تقویت ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکھ برادری کو ہمیشہ سہولتیں فراہم کی ہیں اور کرتارپور راہداری کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امن کے داعی ہیں اور ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کے حامی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے قائد ، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی پہلی ہی تقریر میں بھارت سے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے طے کرنے کی پیشکش کی جو اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں رہنے والے صرف اور صرف محبت کرناچاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرتار پور کاراستہ پا ک بھارت تعلقات کو آگے بڑھانے کا راستہ ہے اور کرتارپور کوریڈور سے ہمسایہ ملک بھارت سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرتارپور کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک پل ہے اور پاکستان نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں امن کا خواہش مند ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔