لاہور: ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا طبی معائنہ پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے کیا اور انہیں سفر کی اجازت دی، جس کے بعد نیب ٹیم شہباز شریف کو لے لاہور پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل شہباز شریف کے خون کی تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد پولی کلینک کے ڈاکٹروں نے ان کے خون کے نمونے حاصل کرنے کے علاوہ ان کا سی ٹی اسکین کیا تھا۔
دوسری جانب ڈاکٹروں نے شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ تشکیل دینے کی سفارش بھی کی تھی۔
شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں اِن دنوں نیب لاہور کی تحویل میں ہیں۔ انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی غرض سے راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد لایا گیا تھا۔