ممبئی: کپل شرما کا کہنا ہے کہ جب پہلی بارانہوں نے اپنی ہونے والی بیوی گینی کے گھر رشتہ بھیجا توان کے سسر نے انہیں مسترد کر دیا تھا۔کپل شرما نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران گینی کے ساتھ اپنی محبت کی فلمی کہانی لوگوں کے ساتھ شیئر کی۔ کپل شرما نے بتایا وہ اور گینی 2005 میں کالج میں ملے تھے جب گینی کی عمر 19 اور ان کی 24 برس تھی۔
کپل نے بتایا وہ نہایت قابل اسٹوڈنٹ تھے اوراپنا خرچہ پورا کرنے کے لیے انہوں نے کالج میں ڈراموں کی ہدایت کاری کرنی شروع کی تھی اور گینی سے پہلی ملاقات آڈیشن کے دوران ہوئی تھی اوراسی وقت سے دونوں نے ایک دوسرے کو پسند کرنا شروع کر دیا تھا تاہم اس وقت میری مالی حالت زیادہ اچھی نہیں تھی اور ممبئی میں لافٹرچیلنج کے آڈیشن میں فیل ہو گیا تھا۔
بعد ازاں دوسرے آڈیشن میں منتخب ہونے کے بعد جب میرے مالی حالات تھوڑے ٹھیک ہوئے تو میری والدہ گینی کے گھر رشتہ لے کر گئیں تاہم گینی کے والد نے بڑے پیار سے بولا ’شٹ اپ‘ اور مجھے مسترد کر دیا۔
اس کے بعد میں ممبئی آ گیا اور میری کامیابی کا سفر شروع ہو گیا تاہم اس وقت بھی میں گینی کو بھولا نہیں تھا بعد ازاں 2016 میں میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے گینی سے شادی کر لینی چاہیے اور میں نے اسے دوبارہ کال کی اور شادی کی پیشکش کی۔ اس بار گینی کے والد نے کپل کو مسترد نہیں کیا۔
کپل نے بتایا میرے برے وقت میں گینی نے میرا بہت ساتھ دیا تھا وہ ہر وقت میرے لیے دعائیں کرتی تھی اور اس وقت مجھے احساس ہوا اس سے اچھی لڑکی مجھے نہیں مل سکتی۔ کپل اور گینی کی خوبصورت لو اسٹوری اب شادی میں بدلنے جا رہی ہے۔ اگلے ماہ 12 دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے جب کہ دونوں کے استقبالیے کی تقریب 22 دسمبر کو ہو گی۔