فیصل آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پہلے اپنے انکل آنٹیوں سے پیسے واپس لے کر دیں پھر کرپشن کے خلاف بات کریں اوروہ یہ بھی بتائیں کہ آپ کی آنٹی آیان کس کے اور کس کیلئے اربوں روپے لیکر دبئی جا رہی تھی ؟ فیصل آباد میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاول بتائیں آپ کی آنٹی آیان کس کے اور کس کے لئے اربوں روپے لے کر دبئی جا رہی تھی۔ ایک ماڈل اربوں ڈالر کیسے کما سکتی ؟جب کہ بلاول آپ اپنے انکل شرجیل میمن کو واپس لے کر آئیں۔ یہ 1999 نہیں بلکہ یہ پاکستان کا سنہری دور ہے لہذا بلاول پہلے اپنے انکل اور آنٹیوں سے پیسے واپس لے کر دیں پھر کرپشن کے خلاف بات کریں۔
جب کہ بلاول سندھ کے فرنٹ مین ٹپی انکل کو واپس بلوائیں اور کرپشن کے پیسے نکلوائیں۔ ان کاکہنا تھاکہ احتساب کی بات چل نکلی ہے تو اب ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا کر ختم ہوگی، یہ ڈاکو اور ٹیکس چورہیں لہذا ان کا احتساب ہونا چاہیے جب کہ ان ڈاکووں کو اب سپریم کورٹ کے احاطے میں ہتھکڑی لگنی چاہیے۔عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ خود ساختہ جلاوطن واپس آکر کرپشن کا حساب دیں اور خودساختہ جلاوطن سابق صدر سے بہتر تو الماس بوبی ہے جوپنڈی میں رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی جنرل راحیل کی عزت کرتا ہے اور ان کی خدمات پر ان کو سلام پیش کرتے ہیں جب کہ نریندری مودی پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں روک سکتا۔