انقرہ :ترکی نے واضح کیا ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات کے فروغ سے انقرہ کا شام میں صدر بشارالاسد کے بارے میں موقف تبدیل نہیں ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں ترکی کے نائب وزیراعظم نعمان قورتولموش نے کہا کہ ترکی اور روس کے درمیان قربت سے ترکی کا شام کے بارے میں موقف تبدیل نہیں ہوگا۔
ترکی شام کے بحران کے حل کے لیے بشارالاسد کو اقتدار سے علیدہ کرنے کے مطالبے پر قائم رہے گا۔انہوں نے کہاکہ شام کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے، بشارالاسد ایک جنگی مجرم ہے اور اس نے بار بار اپنی قوم کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
بشارالاسد کے بارے میں ترکی اور روس کے درمیان اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں۔ ترکی اور روس شام کے مستقبل کے حوالے سے دو الگ الگ آراءرکھتے ہیں تاہم ہم اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ روس اسد رجیم کو تنازع کے پرامن تصفیے پر قائل کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس شامی حکومت کی فوجی مدد کررہا ہے جب کہ ترکی شامی اپوزیشن کی نمائندہ مسلح قوتوں کا حامی ہے۔