کارڈف:انگلش کپتان جوزبٹلر پاکستان کیخلاف تیسرا ٹی ٹوینٹی نہیں کھیلیں گے۔پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میں 23 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد انگلش کپتان جوز بٹلر چھٹی لے کر گھر روانہ ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انگلش کپتان اور اہلیہ کے ہاں تیسرے بچے کی ولادت متوقع ہے، جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف تیسرے میچ کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔جوز بٹلر کی جگہ معین علی انگلش ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوینٹی سیریز کا تیسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔ انگلش ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ جوز بٹلر سیریز کے آخری ٹی ٹوینٹی کیلئے انگلش ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں البتہ یہ واضح ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق ورلڈکپ کیلئے ٹیم کے ساتھ روانہ ہوں گے۔