سندھ ہائیکورٹ نے کورٹ  رپورٹنگ کی اجازت دے دی

04:21 PM, 27 May, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے کورٹ  رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔یاد رہے کہ چند روز قبل پیمرا نے کورٹ رپورٹرز کے عدالتی کارروائی میڈیا پر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے خلاف مختلف شہروں میں صحافیوں کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔


عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے کورٹ رپورٹرز کو روز مرہ کی عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دیتے ہوئے پیمرا کے 21 مئی کے نوٹیفکیشن کی پابندی سے متعلق شقوں پر عملدرآمد روک دیا۔


سندھ ہائیکورٹ نے پیمرا، وزارت اطلاعات اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ کورٹ رپورٹرز کو بھی عدالتی رپورٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بعض ریمارکس یا آبزرویشن نشر ہونے سے عدلیہ کا غلط تاثر چلا جاتا ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں