ہری پور: ہری پورکے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سری کوٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نوٹس لے لیا۔
اس حوالے سے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو عملے نے بروقت اور فوری کارروائی کر کے طالبات کو بحفاظت نکالا، محکمۂ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ واقعہ کی وجوہات سے متعلق رپورٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آگ سے اسکول کی عمارت میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ تمام تعلیمی اداروں کا جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سری کوٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ نے پورے سکول کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بروقت کارروائی کر کے 1400 طالبات کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
ترجمان ریسکیو ہری پور کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد طالبات سکول میں موجود تھیں جنہیں بحفاظت نکال کر گھروں کو بھیج دیا گیا، سکول کا فرنیچر، تمام ریکارڈ اور چھتیں جل گئی ہیں۔البتہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔