غزہ: رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کابڑا حملہ کیا ہے، بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
رفح میں اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نےگزشتہ رات حملہ کیا، بمباری سے 75 سے زائد فلسطینی شہید ،متعدد زخمی ہوگئے شہداء میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رفح میں ایک محفوظ زون میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیمہ کیمپ پر بمباری کی، جس میں تقریباً 75 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔اسرائیلی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی، بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں۔
تال السلطان میں کیمپ پر حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فورسز نے جبالیہ، نصیرات اور غزہ سٹی سمیت دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر بمباری کی جس میں فلسطینی حکام کے مطابق کم از کم 160 افراد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہاسرائیلی طیاروں نےر ات رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملہ کیا،حملےکے مقام پر حماس کے اہم ارکان ٹھہرے ہوئے تھے۔ اس نے تسلیم کیا کہ آگ لگنے سے شہری زخمی ہوئے اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 35,984 فلسطینی ہلاک اور 80,643 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس تاریخ کو حماس کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے، درجنوں ابھی تک قید ہیں۔