مبینہ آڈیو لیکس معاملہ؛ جوڈیشل کمیشن نے کاروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا

01:09 PM, 27 May, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مبینہ آڈیوز انکوائری کمیشن نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دوسرے اجلاس کا حکمنامہ جاری کر دیا۔ جوڈیشل کمیشن نے مبینہ آڈیو لیکس کی انکوائری کا اجلاس ملتوی کر دیا۔

حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن  کے دوسرے اجلاس میں سپریم کورٹ کے پانچ ججز کا 26 مئی کا جاری کردہ آرڈر جوڈیشل کمیشن کو پڑھ کر سنایا، اٹارنی جنرل نے کہا درخواست گزاروں نے انکوائری کمیشن کے خلاف مفاد عامہ کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے دوسرے اجلاس کے جاری کردہ حکم نامے میں مزید لکھا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی سے پوچھا کیا انکوائری کمیشن کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے سامنے فریق بنایا گیا؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ صدر سپریم کورٹ بار اور سیکرٹری سپریم کورٹ بار نے کمیشن کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنا رکھا ہے.

 حکم نامے میں لکھا گیا کہ سپریم کورٹ کے 26 مئی کے حکم نامے کےتناظر میں انکوائری کمیشن کا اجلاس ملتوی کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں