لاہور : سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشروباء اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے۔ پہلے مہنگائی کیا کم تھی اب ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگائی میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیاہے۔
انہو ں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کیلئے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے۔ عمران خان نے لانگ مارچ ختم نہیں کیا صرف 6 روز کیلئے حکومت کو مزید مہلت دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اعلیٰ عدلیہ نے بھی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران سستا تیل روس سے کیوں نہیں لیتے۔ عمران خان نے روس سے سستے تیل کی ڈیل مکمل کر لی تھی۔ بھارت نے روس سے سستا تیل لے کر اپنی عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ملک میں وحشت و درندگی کا جو کھیل کھیلا ہے اس پر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔