اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چور اکٹھے ہوجائیں تو مسئلے کا حل مذاکرات نہیں قربانیوں سے نکلتا ہے، 25 مئی اسلام آباد کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 30 روپے پیٹرول سستا کیا ہے اور امپورٹڈ حکومت نے 30 روپے پیٹرول مہنگا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ سویلین بیٹیوں اور بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو ڈٹے رہے اور آزادی کی تحریک میں اپنا حصہ ڈالا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور الیکشن میں ترامیم کے بعد قوم کو یہ جان لینا چاہیے کہ یہ لوگ اپنے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے مقدمات ختم کروانے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب 11 سیاسی جماعتوں کے چور سیاست دان قبضہ گروپ ایک شخص عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوجائیں تو مسئلے کا حل کبھی مذاکرات سے نہیں قربانیوں سے نکلتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک ووٹ کی اکثریت کا فرد جرم زدہ شہباز شریف وزیراعظم اور 1 ووٹ کی اکثریت کا فردجرم زدہ بیٹا چیف منسٹر ہے، یہ 22 کروڑ عوام کے منہ پہ سیاسی تمانچہ ہے۔
چور اکٹھے ہو جائیں تو مسئلے کا حل قربانیوں سے نکلتا ہے: شیخ رشید
12:42 PM, 27 May, 2022