کوئی ایک جماعت کسی کو نکالنے یا رکھنے کی مجاز نہیں، شہباز شریف

 کوئی ایک جماعت کسی کو نکالنے یا رکھنے کی مجاز نہیں، شہباز شریف
کیپشن: کوئی ایک جماعت کسی کو نکالنے یا رکھنے کی مجاز نہیں، شہباز شریف
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، کوئی ایک جماعت کسی کو نکالنے یا رکھنے کی مجاز نہیں ہے۔عدالت نے میرٹ پر میری ضمانت منظور کی اور ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ میرے خلاف کیسز بلا جواز ہیں۔ کرپشن، کک بیکس، منی لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس میرے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ نیب نے صاف پانی کیس میں بلایا اور آشیانہ میں گرفتار کیا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ باقاعدگی سے ٹیکس جمع کراتا ہوں اور نیب نے اعتراف کیا کہ مجھ پر ناجائز آمدن کا کوئی ثبوت نہیں اور اپنے دور میں 3 ہزار 300 ارب کے منصوبے مکمل کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال اپنے اثاثوں کی تفصیلات ایف بی آر میں جمع کراتا ہوں جبکہ حکومت نے 3 سال میں میرے اور نواز شریف کیخلاف کیسز بنائے۔ حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے اور انہوں نے سوال اٹھایا کہ 3 سال بڑا عرصہ ہوتا ہے، 56 کمپنیوں کا کیس کہاں گیا۔ 

اپنی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب نے 5 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے۔ بجلی کے منصوبوں سے پاکستان کا فائدہ ہوا۔ بجلی کے منصوبے دنیا کے سستے ترین ہیں۔ ملتان میٹرو میں دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ ماضی کے مقابلے میں بجلی کے سستے ترین منصوبے لگائے اور ہم نے 31 جولائی 2018ء سے پہلے لوڈشیڈنگ ختم کر دی تھی۔