لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پرانی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ جمع کروانے کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 سے باہر ہونے والے نسیم شاہ کو بائیو سیکیور ببل میں آنے کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کے درمیان اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بائیو سیکیور ببل میں آنے کی اجازت دی جائے گی تاہم اس کیلئے انہیں نئی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ دینا ہو گی۔
ذرائع کے مطابق نسیم شاہ رپورٹ جمع کروانے کے بعد ہوٹل میں قرنطینہ مکمل کریں گے جہاں ان کے مزید 2 ٹیسٹ کئے جائیں گے اور اگر ان کی رپورٹس بھی منفی آئیں، تو انہیں تیسری چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی روانہ کر دیا جائے گا جہاں وہ لیگ میں حصہ لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ تمام کھلاڑیوں کو ابوظہبی روانگی کیلئے کراچی اور لاہور رپورٹ کرنے کا کہا گیا تھا جہاں پہنچنے والے تمام کھلاڑیوں نے اپنی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹس جمع کروائیں مگر نسیم شاہ نے جو رپورٹ جمع کروائی، وہ پرانی تھی جس پر انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا اور پھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔
پی سی بی کا نسیم شاہ کو بائیو سیکیور ببل میں داخل کرنے کا فیصلہ
09:34 PM, 27 May, 2021