کندھ کوٹ، آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی متعدد کمین گاہیں نذر آتش

06:21 PM, 27 May, 2021

کندھ کوٹ: پولیس نے کچے میں آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی متعدد کمین گاہوں کو نذر آتش کر دیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ 

ایس ایس پی امجد شیخ کا کہنا ہے کہ آپریشن 9 افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری، جرائم پیشہ افراد کے خاتمے اور امن امان برقرار رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں ترجمان کندھ کوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی امجد شیخ کی قیادت میں کندھ کوٹ پولیس کا درانی مہر کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو جیئند جاگیرانی اور ٹکر سبزوئی گروہ کے خلاف آپریشن آج نویں روز بھی جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے جب کہ راکٹ لانچرز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی متعدد کمین گاہیں نذر آتش کر کے ان کے متعدد محفوظ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

آپریشن کے حوالے سے ایس ایس پی امجد شیخ کا کہنا ہے کہ جاگیرانی اور سبزوئی گروہ کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا،کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خاتمے کیلیے سندھ پولیس کوجس طرح کے اسلحے کی ضرورت ہوگی فراہم کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی اچھی نہیں تھی، شکارپور اور جیکب آباد کے کچےکے علاقے میں ڈاکوؤں کی سیاسی وابستگیاں بھی ہیں ،اس میں اگر کوئی بڑا نام ملوث پایا گیا تو سختی سے نمٹا جائےگا ، ڈاکوؤں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے۔

مزیدخبریں