لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ ایڈیشن کے انعقاد پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نئی مشکلات کا سامنا ہے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اب تک جنوبی افریقہ اور بھارت کے براڈکاسٹرز کی چارٹرڈ فلائٹ کو لینڈنگ کی اجازت نہیں مل سکی ہے جس پر پی سی بی نے ہر ممکن آپشن بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسے ملک کے براڈکاسٹرز کو ابوظہبی لایا جائے گا جو ریڈ لسٹ میں نہیں اور اس مقصد کیلئے پی سی بی حکام اور پی ایس ایل فرنچائزز مالکان کے درمیان ایک اور ہنگامی اجلاس آج ہی منعقد کیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی اور لاہور سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی کچھ دیر میں ابوظہبی روانگی کا امکان ہے ،کراچی کے ہوٹلوں میں موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد سمیت25 افراد کو اب تک ویزے نہیں ملے، تمام افراد فی الحال بائیو سیکیور ببل میں ہی رہیں گے۔
ملتان سلطانز کے آصف آفریدی،اسلام آباد یونائیٹڈ کے عمرامین بھی ویزوں کے منتظر ہیں، آصف آفریدی کو آخری لمحات میں شاہد آفریدی کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا جبکہ عمرامین کو بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈرافٹ کے بعد سکواڈ میں شامل کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد موسیٰ بھی ویزہ ملنے کے منتظر ہیں، ان کے علاوہ لاہور قلندرز کے زید عالم اور ذیشان اشرف بھی ویزوں کے انتظار میں ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے محمد نواز جنوبی افریقہ میں ہیں اور ان کا ابوظہبی پہنچنا بھی مشکل ہے۔
پی ایس ایل 6، جنوبی افریقہ اور بھارت کے براڈ کاسٹرز کی فلائٹ کو لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی
05:31 PM, 27 May, 2021