وفاقی حکومت نے عوام کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا 

وفاقی حکومت نے عوام کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو حج بکنگ کروانے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج 2021ءکا کوٹہ جاری نہیں کیا اور جیسے ہی پاکستان کو حج کوٹہ ملے گا تو اس وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021ءکا باقاعدہ اعلان کرے گی۔ 
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں، سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بعض دھوکہ باز عناصر حج بکنگ کا جھانسا دے کر عوام الناس کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں، ایسے کسی بھی عمل کی اطلاع ملنے پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام ان عناصر سے باخبر رہیں اور حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے حج سیزن 2021ءکی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر سے 60 ہزار عازمین حج کو فریضہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی تاہم اس حوالے سے بھی تک مختلف ممالک کیلئے حج کوٹہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔